ہفتہ، 2-دسمبر،2023
ہفتہ، 2-دسمبر،2023

آفریدی سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کیلئے کوئٹہ پہنچے

کوئٹہ: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کوئٹہ میں سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کی اور شہید ہونے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی اور کہا کہ کوئٹہ کے لوگ دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کیلئے کوئٹہ پہنچے ، جہاں انھوں نے سی ایم ایچ کوئٹہ اسپتال میں دھماکے کے زخمیوں سے ملاقات کی اور انہیں شاہد آفریدی فاونڈیشن کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

شاہد آفریدی نے دھماکہ میں شہید ہونے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے لوگ دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، بلوچستان کے لوگ جانتے ہیں مشترکہ دشمن کیخلاف کیسے متحد رہا جائے۔

شاہد آفریدی کوئٹہ میں ساراوان ہاؤس گئے اور شہید سراج رئیسانی کیلئے دعا کی اور کہا کہ سانحہ مستونگ نے پوری قوم کو سوگوار کردیا ہے، دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔

یاد رہے شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرمستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان میں بزدلانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائےکم ہے، میری دعائیں متاثرہ خاندانوں اورشہیدوں کےلئےہیں، اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top