مقبول خبریں
تازہ ترین خبریں
اسلام آباد میں بیٹھے بابو خود کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں: بلاول
1-دسمبر،2023
20 سالہ کائیلی جینر کے اثاثوں کی مالیت 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی

نیویارک: امریکی میگزین فوربز کے مطابق امریکی ٹی وی اسٹار اور میک اپ مصنوعات کی کمپنی کی 20 سالہ مالکہ کائیلی جینر کے اثاثوں کی مالیت 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
فوربز کے مطابق کائیلی جینر نے دو سال قبل اپنی کاسمیٹکس کمپنی متعارف کروائی تھی، جریدے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اسٹار اپنے بل بوتے پر ارب پتی بننے والی سب سے کم عمر شخصیت بننے کی راہ پر ہیں۔
کائیلی کے مقابلے میں ان کی سوتیلی بہن ہالی ووڈ اداکارہ کم کارڈیشین کے اثاثوں کی کل مالیت 35 کروڑ ڈالر ہے، 20 سالہ کائیلی جینر کے اثاثوں میں اتنا اضافہ ان کی میک اپ مصنوعات کی مقبولیت کا نتیجہ ہے۔
امریکی ٹی وی اداکارہ امیر ترین خواتین میں 27 ویں نمبر پر موجود ہیں، کائلی جینر کی عمر ابھی اتنی بھی نہیں ہے کہ وہ امریکا میں قانونی طور پر شراب نوشی کرسکیں۔
کائیلی جینر ایک بیٹی کی ماں ہیں اور اپنے ہونٹوں کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں تاہم رواں ہفتے کے آغاز میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ہونٹوں پر ڈرمل فلرز نامی انجیکشن لگوانا چھوڑ رہی ہے۔
کائیلی جینر نے 2015 میں ٹی وی شو کیپنگ اپ ود دی کارڈیشینز کی ایک قسط میں تسلیم کیا تھا کہ ان کے قدرتی ہونٹ ان کے لیے عدم تحفظ تھے اور وہ انہیں مصنوعی طور پر تبدیل کرنا چاہتی تھیں بعدازاں انہوں نے اپنا برانڈ کائیلی کاسمیٹکس متعارف کروایا تھا جس میں صارفین کے لیے ہونٹوں کو نمایاں کرنے والی میک اپ کی مصنوعات بھی شامل تھیں۔
امریکی ٹی وی اسٹار سب سے کم عمر ارب پتی بننے کی جانب گامزن ہیں، اس سے قبل یہ اعزاز فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے 23 سال کی عمر میں حاصل کیا تھا۔
گزشتہ روز کائیلی جینر نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ واہ میں یقین نہیں کرسکتی کہ میں اپنا فوربز سرورق پوسٹ کررہی ہوں۔