لاہور: چودھری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، ایک دن آئے گا جب کشمیر بنے گا پاکستان۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ پاکستان یونہی نہیں حاصل ہوا، پاکستان حاصل کرنے کےلیے لوگوں نے قربانیاں دیں، قائد اعظم کی سوچ اور عزم نہ ہوتا تو پاکستان نہ بنتا، پاکستان نہ ہوتا تو ہماری شناخت بھی نہ ہوتی، اگر ہماری شناخت ہے تو پاکستان کی وجہ سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادی کی حفاظت کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہائیں گے: وزیراعظم شہباز شریف
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں پاکستان جنت بنا کر دیا ہے، تاجروں اور شہریوں کو ملک کے بارے میں سوچنا چاہئے، قائد اعظم نے کہا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، ہم کشمیریوں اور ان کی قربانیوں کو نہیں بھولے، ایک دن آئے گا جب کشمیر بنے گا پاکستان۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی محنت سے پاکستان کا نام دنیا میں روشن ہوتا ہے، میٹرک تک مفت کتابیں دی جاتی ہیں یہ سلسلہ یونیورسٹی تک بڑھائیں گے، پاکستانی قوم کا مستقبل بہت روشن اور تابناک ہے۔