جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

آئی ایم ایف کے تمام مطالبات پورے کرچکے، امید ہے معاملات خوش اسلوبی سے طے پائیں گے: وزیراعظم

شہباز

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے تمام مطالبات پورے کرچکے ہیں، پرامید ہوں آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے طے پائیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا ترک خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ رجب طیب اردوان کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان اور ترکیہ باہمی تجارتی حجم گہرے برادرانہ تعلقات کا آئینہ دار ہونا چاہیے، ترکیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور تجارتی حجم بڑھانا چاہتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کی صریحاً خلاف ورزی کی، وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد کئی اہم چیلنجز درپیش تھے، گزشتہ سال سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے، ترکیہ نے مدد کی، بارشوں، سیلاب سے بنیادی ڈھانچے، بڑے پیمانے پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے تمام مطالبات پورے کرچکے ہیں، پرامید ہوں آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے طے پائیں گے، ملک کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے، آئی ایم ایف منیجنگ ڈائریکٹر سے ٹیلیفون پر مفید گفتگو ہوئی، پاکستان کے عوام بہت بہادر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان ’تاپی‘ مشترکہ عملدرآمد منصوبے پر دستخط ہوگئے

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 مئی کو کرپشن کے سنجیدہ کیسز میں گرفتار کیا گیا، اگر وہ سچے تھے تو عدالتوں سے کلین چٹ لے سکتے تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کئی عرصے سے ٹھگوں کا گروہ تیار کررہے تھے، 9 مئی کو شرپسندوں نے جتھوں کی شکل میں ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا، شرپسند عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

شہباز شریف کنے کہا کہ ان کے رفقا لوگوں کو ہدایت دے رہے تھے کہ اس جگہ جاؤ اور جلاؤ گھیراؤ کرو، 9 مئی کو جناح ہاؤس اور شہدا کی یادگاروں کو جلایا گیا، ریاست کیخلاف سنگین اقدامات کی ٹھوس منصوبہ بندی کے ثبوت موجود ہیں، قومی تنصیبات، یادگاروں کو جس طرح پامال کیا گیا یہ ناقابل برداشت ہے، قومی تشخص کو مجروح کرنیوالوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، گزشتہ حکومت نے 4 سال اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا۔

متعلقہ خبریں