جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

جہانگیر ترین کا نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا اعلان

استحکام

لاہور: جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کا اعلان کردیا۔

جہانگیر ترین کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج استحکام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھ رہے ہیں، تمام لوگوں کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں، ملک اس وقت نازک دور سے گزررہا ہے، سیاست میں آنے کا صرف ایک مقصد رہا کہ ملکی ترقی میں حصہ ڈالوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں ایسے شواہد آجائیں گے کہ ہم نے کس قسم کی محنت کی، پاکستان میں اصلاحات لانا ہمارا مقصد تھا جس کیلئے ہم نے محنت کی، ایسی محنت کی کہ نہ صرف پارٹی جیتے بلکہ ملک میں اصلاحات بھی لائےم بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا اور لوگ پی ٹی آئی سے بدول ہونا شروع ہوگئے، بدقسمتی سے پی ٹی آئی کا وہ منشور نہیں تھا جس پر وہ چل پڑی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مئی کے واقعات نے سیاست کو تبدیل کرکے رکھ دیا، 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین سے میرا کوئی تعلق نہیں:اسد عمر

اس سے قبل پریس کانفرنس کے آغاز پر علیم خان نے کہا کہ 9 مئی کے بعد حالات ایسے ہوگئے تھے جن کی وجہ سے ہر محب وطن پاکستانی پریشان تھا، مگر پھر جہانگیر ترین نے ہم خیال لوگوں سے رابطے کیے اور پھر نئی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم سب سیاسی لوگ ہیں اور خوش حال پاکستان کے لیے کئی سالوں سے کوششیں کررہے ہیں، ہم جو کچھ ملک کے لیے کرسکتے تھے اُس میں حصہ ڈالنے کی کوشش کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

علیم خان نے کہا کہ ہم سب متحد ہوکر جہانگیر ترین کی قیادت میں ملکی استحکام اور خوش حالی کے لیے کام کریں گے اور آنے والی نسلوں کو محفوظ مستقبل فراہم کریں گے۔

متعلقہ خبریں