مقبول خبریں
چیئرمین پی ٹی آئی کو ترقی کرتے پاکستان پر مسلط کیا گیا اور خمیازہ عوام نے بھگتا: مریم اورنگزیب

لاہور: مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ترقی کرتے پاکستان پر مسلط کیا گیا، اس کا خمیازہ پاکستان کے عوام نے بھگتا۔
رہنما (ن) لیگ مریم اورنگزیب کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کل شہباز شریف ایک بار پھر سرخرو ہوئے، شہباز شریف کو صاف پانی کے مقدمے میں طلب کیا گیا تھا، صاف پانی میں طلب کرکے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا، شہباز شریف نے 10 سال پنجاب کے لوگوں کی خدمت کی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ترقی کرتے پاکستان پر مسلط کیا گیا، اس کا خمیازہ پاکستان کے عوام نے بھگتا، 5 سال ملک کے نظام انصاف کے ساتھ کھلواڑ ہوتا رہا، مسلم لیگ (ن) کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نا اہل کیا گیا، چیئرمین نیب کو طیبہ گل کے ذریعے بلیک میل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آشیانہ کیس : شہباز شریف سمیت 10ملزمان بری
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو نیشنل کرائم ایجنسی سے بھی منہ پر تھپڑ پڑا، این سی اے نے بھی کہا کوئی کرپشن، منی لانڈرنگ نہیں ہوئی، سعد رفیق کیس میں عدالت نے کہا جھوٹے کیسز سیاسی انجینئرنگ کیلئے بنتے ہیں، کدھر ہیں وہ چہرے جو لوگوں کی پگڑیاں اچھالا کرتے تھے؟۔
انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کا نام لیکر اپنی بے عزتی محسوس کرتی ہوں، شہزاد اکبر نے مریم نواز کے کمرے میں کیمرے لگوائے تھے، آج لوگوں کا سامنا نہیں کرسکتے اور کہہ رہے ہیں ظلم ہورہا ہے۔