چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کیخلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ملتوی کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کا کہنا تھا کہ کیس کی آئندہ سماعت اگلے ہفتے ہی کر لیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کی وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ یہ جلدی والا معاملہ ہے تو کیس آئندہ ہفتے دوبارہ مقرر کر دیا جائے۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کیسز کی متعلقہ عدالت مجسٹریٹ کی ہے، جج انسداد دہشت گردی عدالت کو مقدمات کا اختیار دینا غلط ہے، استدعا ہے نوٹس جاری کرکے اس پر بھی جواب طلب کرلیا جائے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کیخلاف درخواست میں سیکرٹری قانون، داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی، ڈی جی ایف آئی اے، سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اور اٹک جیل کو فریقین بنایا گیا ہے۔
درخواست میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات کے اختیار کو بھی چیلنج کیا گیا ہے، اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشتگری عدالت کے جج مطلوبہ اہلیت کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔
یہ پڑھیں : سائفر کیس : چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع