اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے۔ صاف، شفاف اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر پورا شیڈول جاری کر رکھا ہے۔ الیکشن ایکٹ کے تحت سیاسی جماعتوں کو مہم کے لیے 54 دن دینے پڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کو اپنے خیالات پیش کرنے کی آزادی حاصل ہے۔ تنقید ان کا جمہوری حق ہے، ہم یہ حق ان سے نہیں لے سکتے۔
یہ بھی پڑھیں بزنس کمیونٹی کو نظر انداز کرینگے تو پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا: انوار الحق کاکڑ
ہم کسی سیاسی جماعت کے حق اور مخالفت میں نہیں۔ ہم اپنے حلف کی پاسداری کریں گے، حلف کی خلاف ورزی کا سوچ نہیں سکتے۔ ہمارے پاس ناامیدی کی کوئی خبر اور وعدہ خلافی کا کوئی شائبہ نہیں۔
ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم حکومتی امور کو بہتر بنائیں۔ مہنگائی ایک حقیقت ہے، عوام کی مشکلات کا احساس ہے لیکن کوئی ملک مہنگا تیل خرید کر سستا بیچنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کو ریاستی نظام میں ممتاز حیثیت حاصل ہے۔ صدر مملکت آئین کے تحت پارلیمان کا حصہ ہیں۔ ہماری حکومت ان کے منصب کا احترام کرتی ہے۔