ہفتہ، 2-دسمبر،2023
ہفتہ، 2-دسمبر،2023

سردیوں کی خاص خاص سوغات اور ان کے حیران کن فوائد

اللہ رب العزت نے دنیا کو بہت دلفریب موسموں سے نوازا ہے کبھی گرمی تو کبھی سردی ، کبھی خزاں تو کبھی بہار،قدرت کے عطا کردہ ان چار موسم کے مطابق جہاں انسانی مزاج تبدیل ہوتے ہیں ،وہی ان کی سوغات بھی تبدیل ہوتی ہیں ۔

 

سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی جہاں بہت سی تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں وہی قدرت کے خزانے سے بے شمار پھل، سبزیاں اور میوے سردیوں کی سوغات کی شکل میں ہمیں عطا ہوتے ہیں ،تاکہ ہم ان سے بھرپور طریقے سے فائدہ حاصل کر سکیں۔

 

موسم کی تبدیلی کے منفی اثرات کو ختم کرنے کے لئے انسانی جسم میں مواد کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ وٹامن A، E، C، کاپر، سیلینیم اور زنک موسمی تبدیلی کے اثرات کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

 

سیب ،کیلے ،انار ،ناشپاتی ،مالٹوں ،کینووں کا شمار سردی کے من پسند پھلوں میں ہوتا ہے ، اس کے علاوہ سردیوں کی سوغات میں گاجر، مولی اور خشک میواجات شامل ہیں ،جو ہمارے لئے قدرت کی طرف سے سردیوں کا بہترین تحفہ ہیں۔

 

پاکستان میں کثیر تعداد میں استعمال کئے جانے والی ان سردیوں کی سوغا ت کی طبی افادیت درج ذیل ہیں۔

1۔انار

 

انار ،موسم سر ما کا خاص پھل ہے جو تقریباً ہر ایک کاہی پسندیدہ ہوتا ہے ۔یہ فائبر ،پوٹا شیم ،وٹامن سی اور B6سے بھر پور ہے ۔اس کا بلاناغہ استعمال پھیپھڑوں ،چھاتی کے سرطان ،امراض قلب ،الزائمر ،ذیابیطس ،موٹاپے ،جوڑوں کی سوزش کے لیے مفید ہے۔

 

انار میں کیلشیم ،پوٹاشیم،فاسفورس ،آئرن ،ہائیڈروکلورک ایسڈ ،فائٹو کیمیکلز ،اینٹی آکسیڈنٹس ،پولی فینول ،کم کیلوریز اور وٹامن اے ،بی اور سی موجود ہوتے ہیں ۔

2۔مالٹا /کینو/ فروٹر

 

ہمارے ہاں نارنجی کی مختلف اقسام کینو،فروٹر اور مالٹا کے روپ میں دستیاب ہوتی ہیں ،جن کا جوس پی کر آپ دن بھر تروتازہ اور متحرک رہتے ہیں ،مالٹے اور کینو نظام ہضم کو بہتر بناتے  ہے۔

 

وٹامن سی کی زائد مقدار کے باعث جینیاتی بوسیدگی اور عمر رسیدگی کے اثرات سے بچاتے اور آیورویدک علاج میں بلغم وکھانسی کو کم کرتے ہیں ۔

یہ پڑھیں : آنکھوں کی صحت کےلیے کونسے پھل کھانے چاہیئں ؟

3۔مونگ پھلی

 

مونگ پھلی کا استعمال دہلے افراد اور باڈی بلڈنگ کرنے والوں کے لئے انتہائی غذائیت بخش ثابت ہوتا ہے،مونگ پھلی میں پایا جانے والا وٹامن ای کینسر کے خلاف لڑنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔

 

تحقیق کے مطابق، ذیابطیس کے مریضوں کے لئے مونگ پھلی کا استعمال نہایت مفید ہے۔

4۔خشک میوہ جات

 

خشک میوے صحت کے لئے بہت مفید اور غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ان کا استعمال جسمانی نشوونما کے لئے بہت ضروری ہے، خشک میواجات کا بادشاہ بادام جس کوکھانے سے انسولین کی مزاحمت کی روک تھام بھی ہوتی ہے،جو کہ گلوکوز کی سطح بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔

 

اس کے علاوہ کشمش میں پوٹاشیم اور میگنیشیئم ہوتا ہے،جو کہ معدے کی تیزابیت میں کمی لاتے ہیں،چلغوزے میں پایا جانے والا فائبر قبض اور گیس کو ختم کرتا ہے،کاجو میں زائد مقدار میں فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہیں جو کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

5۔گاجر

 

گاجر قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جو انسانی جسم کے لئے مفید غذائی عناصر سے بھرپور ہے۔اگر اس کو جوس کی صورت میں روزانہ استعمال کیا جائے تو بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے،گاجر اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جن کی سرطان روکنے کی صلاحیت سے سب واقف ہیں۔

 

ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ گاجر کا رس معدے کے کینسر کو دور رکھنے میں مددگار ہوتا ہے اگر مسلسل گاجریں کھائی جائیں تو معدے کے سرطان کے امکانات 26 فیصد تک کم ہو جاتے ہیں۔

 

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لئے پیش کیا جارہا ہے، اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top