پیر، 11-دسمبر،2023
پیر، 11-دسمبر،2023

نواز شریف اگر جارحانہ پالیسی لے کر آتے ہیں تو قائم نہیں رکھ سکیں گے: خورشید شاہ

کراچی: خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ الزام تراشیوں میں نہ پڑیں، نواز شریف اگر جارحانہ پالیسی لے کر آتے ہیں تو قائم نہیں رکھ سکیں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کا جی ٹی وی کے پروگرام ’سات سے آٹھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف اگر جارحانہ پالیسی لے کر آتے ہیں تو قائم نہیں رکھ سکیں گے، ہم بہت مشکلات کے بعد الیکشن کی طرف آئے ہیں، پیپلزپارٹی صرف یہ چاہتی ہے صاف و شفاف انتخابات ہوں، پیپلزپارٹی چاہتی ہے لیول پلیئنگ فیلڈ ہو کسی سے کسی کو خطرہ نہ ہو۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ الزام تراشیوں میں نہ پڑیں، مسلم لیگ (ن) اپنا اور ہم اپنا الیکشن لڑیں، ہمیں مسلم لیگ (ن) سے کوئی شکایت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلی بار عدالتیں نظر آرہی ہیں وہ کسی کے ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گی، عدالت فل کورٹ کے موڈ میں ہے فیصلے بہتر ہوں گے، فیصلے کسی شخص کے لیے نہیں ملک و ریاست کے لیے ہونے چاہئیں، سیاست میں اونچ نیچ ہوسکتی ہے، عدالت میں نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کی گڈ بک میں ہے، پیپلزپارٹی کو پھر موقع ملا تو اپنے تمام وعدے پورے کرے گی، پیپلزپارٹی کو موقع ملا تو ملکی معیشت کو 2سال میں درست کردینگے، تھر سے پیدا ہونے والی سندھ کی بجلی سے فیصل آباد چل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اگر انتخابات بروقت ہوئے تو آئندہ بھی اتحادی حکومت ہی بنے گی: خورشید شاہ

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سرائیکی صوبے کےلیے پیپلزپارٹی بہت سنجیدہ تھی، سرائیکی صوبے کےلیے مسلم لیگ (ن) نے ہم سے کمٹمنٹ کیا تھا، جب سرائیکی صوبے کا بل کے کر آئے تو مسلم لیگ (ن) نے منع کردیا، مسلم لیگ (ن) نے کہا سرائیکی صوبے کے بل کی مخالفت کریں گے، سرائیکی صوبے سے تعلق رکھنے والے ممبران نے بھی وعدہ خلافی کی، آج بھی وعدہ ہے ہمیں اکثریت مل گئی تو سرائیکی صوبہ بنے گا، سرائیکی صوبے کی بات اس لیے ہوتی ہے پاکستان بننے سے پہلے یہ ایک ریاست تھی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ہمیشہ سندھ کا حصہ رہا ہے کبھی الگ نہیں ہوا، آبادی کے ساتھ صوبے کا تعلق نہیں یہ الگ مسئلہ ہے، اقتدار میں آتے ہی 50 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کریں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top