اسلام آباد: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 29 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال رات بارہ بجے ہی چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے سے ریٹائر ہوگئے جس کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آج نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
چیف جسٹس کی تقریبِ حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نو منتخب چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے حلف لیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تقریب حلف برداری میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، چاروں صوبائی گورنرز، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت وفاقی وزرا اور وکلا بھی شریک ہوئے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ جوڈیشل کمیشن کے سربراہ بھی بن گئے، جوڈیشل کمیشن کے ذریعے اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتیاں ہوتی ہیں اور سپریم کورٹ میں اس وقت دو جج صاحبان کی آسامیاں خالی ہیں۔
واضح رہے کہ 26 اکتوبر 1959 کو کوئٹہ میں پیدا ہونے والے جسٹس قاضی فائزعیسٰی کے والد مرحوم قاضی محمد عیسیٰ آف پشین قیامِ پاکستان کی تحریک کے سرکردہ رہنما اور قائداعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی تھے۔