لاہور: چودھری پرویز الہٰی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکنے کیخلاف نیب اپیل کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے نیب کی اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر نمٹا دی ہے، ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے پرویز الہٰی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ درخواست گزار کے مطابق سنگل بینچ کے حکم میں نیب فریق نہیں تھا، درخواست گزار کے مطابق سماعت کے دوران نیب کو نوٹس بھی جاری نہیں ہوئے، درخواست گزار کے مطابق سنگل بینچ نے عملدرآمد پٹیشن میں درخواست گزار کو ہدایت جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں: ابھی پریس کانفرنس نہیں کرنی: پرویز الہٰی کی کمرہ عدالت میں گفتگو
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس بات پر متفق ہیں نیب سنگل بینچ کے روبرو فریق نہیں تھا، سنگل بینچ نے نیب کو کوئی ہدایت جاری نہیں کیں، سنگل بینچ کا آرڈر نیب کو متاثر نہیں کرتا، نیب کی اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر نمٹائی جاتی ہے۔