مقبول خبریں
نوازشریف باہر ملک جیل کی دیواریں توڑ کر نہیں آئین کے مطابق گئے تھے:مرتضیٰ سولنگی

کراچی : مرتضی سولنگی نے کہا کہ نوازشریف باہر ملک جیل کی دیواریں توڑ کر نہیں گئے تھے،نوازشریف آئین اور قانون کے مطابق ہی باہر گئے تھے،نواز شریف ملک آکر حفاظتی ضمانت لیں گے یا نہیں مجھے علم نہیں ، ان سوالات کا جواب نگراں حکومت نے نہیں پارٹی نے خود دینا ہے۔
کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیراطلاعات مر تضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کراچی پریس کلب میرا گھر ہے، اس کلب نے جمہوریت کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے، صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے جو ممکن ہوا کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ 18ویں ترمیم نگراں حکومت نے نہیں کی، ہم منتخب حکومت کے آنے کا انتظار نہیں کریں گے، انتخابات کو لے کر کچھ ذہنوں میں اب بھی الجھنیں ہیں، ہماری حکومت کے ذہن میں کسی قسم کی الجھن نہیں ہے، نگراں وفاقی کابینہ کے ارکان الیکشن کمیشن کے فیصلے سے خوش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن با اختیار آئینی ادارہ ہے، آزادانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اس ریس میں ہمارا کوئی گھوڑا نہیں ہے، عوام جس پر اعتماد کریں گے وہی جیتے گا،27ستمبر کو حلقہ بندیوں کا ااعلان کر دیا جائے گا۔
مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کی ادائیگی ڈالر میں کرتے ہیں،ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے ممکن ہے پیٹرول میں بھی آئے گی، ہم وہی کچھ کر سکتے ہیں جس کا آئین اور قانون اجازت دے گا، ہماری کوشش ہے ملک ڈیفالٹ کی جانب نہ جائے۔
یہ پڑھیں : پاکستان اور ایران مذہبی اور لسانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں: مرتضیٰ سولنگی