جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

آبی جارحیت کی گئی تو پھر بھارت بھی نقصان سے نہیں بچے گا : وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ بھارت کی خارجہ پالیسی جھوٹ، جھوٹ اور بس جھوٹ پر مبنی ہے۔ آبی جارحیت کی گئی تو پھر بھارت بھی نقصان سے نہیں بچے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات معمول پر ہونے کا بھارتی بیانیہ پٹ گیا ہے۔ بھارتی فوجی سربراہ اور مودی کے جھوٹے بیانات سے عالمی سطح پر پاکستان کو کامیابیاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی کی ہریانہ میں تقریر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت خطے کے امن کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جھوٹ، جھوٹ اور بس جھوٹ، بھارتی خارجہ پالیسی ہے اور وہ دنیا میں بے نقاب ہو گئی ہے۔ آبی جارحیت کے بیان پر بھی نریندر مودی کو جواب دیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت ہر حربہ استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان کوئی لوز بال نہیں دے گا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بھی لائن آف کنٹرول کے دورے کے دعوت دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و ترقی کا خواہاں ہے۔ دونوں ملکوں کی کشیدگی سے خطے میں کروڑوں انسان خط غربت سے نیچے رہنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کو یکجا کیا ہے۔ دنیا دیکھ رہی ہے کہ کون امن اور کون جنگ کا خواہشمند ہے۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ آبی جارحیت کی گئی تو پھر بھارت بھی نقصان سے نہیں بچے گا۔ ماحولیات سے چھیڑ چھاڑ کرنے والی مودی سرکار خطے کا وجود خطرے میں ڈالنا چاہتی ہے۔

متعلقہ خبریں