ادائیگیوں کے نئے نظام سے روزگار کے 40 لاکھ نئے مواقع پیدا ہوں گے : اسٹیٹ بینک

اسلام آباد : ادائیگیوں کے نئے نظام سے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کو 7 فیصد تک بڑھانے کے علاوہ روزگار کے 40 لاکھ نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے نیشنل پیمنٹ سسٹم اسٹریٹیجی جاری کردی ہے، جس کے تحت فنانشل مارکیٹ انفراسٹرکچر (ایف ایم آئیز) سے قومی معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔

ایف ایم آئیز کے تحت ادائیگیوں کے موثر الیکٹرانک نظام سے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے علاوہ ملکی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

نیشنل پیمنٹ سسٹم کی حکمت عملی پر عمل درآمد کے ذریعے پاکستان کی جی ڈی پی میں 7 فیصد تک اضافہ کے علاوہ روزگار کے 40 لاکھ نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، اس کے علاوہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ڈیپازٹس میں263 ارب ڈالر اضافہ متوقع ہے۔

حکمت عملی کے تحت 2025 تک مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا، جس سے ملک کے معاشی استحکام میں مدد ملے گی اور ملک میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔