اسلام آباد: پی ٹی آئی یوم آزادی کے موقع پر کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی نکالے گی

اسلام آباد: پی ٹی آئی کا یوم آزادی کے موقع پر کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کے اہم اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں 14 اگست پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیئے بڑی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری جنرل عامر کیانی، ڈاکٹر بابر اعوان، افتخار درانی، علی امین گنڈا پور اور دیگر سینئر قیادت شریک ہوئے۔

اجلاس میں ریلی کے روٹ اور سکیورٹی سمیت انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس  میں فیصلہ کیا گیا کہ ریلی صدر راولپنڈی سے اسلام آباد کے ڈی چوک تک نکالی جائیگی۔ ریلی میں پاکستان کے ساتھ ساتھ کشمیری پرچم بھی لہرائے جائیں گے۔ ریلی میں وفاقی وزراء، پی ٹی آئی قیادت اور اہم سیاسی شخصیات شریک ہوں گی

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل عامر کیانی ریلی کی قیادت کریں گے۔