جی ٹی وی نیٹ ورک
دنیا

افغانستان: پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش دھماکا، 95 افراد زخمی

کابل : کابل کے پولیس اسٹیشن پر خود کش حملے میں 95 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 95 افراد زخمی ہوگئے، حملہ آور ایک گاڑی میں سوار تھا، جس نے پولیس اسٹیشن کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

افغان وزارت صحت کے ترجمان وحید اللہ مایئر نے بتایا کہ دھماکے میں اب تک 95 افراد زخمی ہوئے ہیں، لیکن انہوں نے واقعے میں کسی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کا کہنا ہے کہ دھماکا مغربی کابل کے ایک علاقے میں قائم پولیس اسٹیشن کے باہر پیش آیا۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

کابل میں ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب امریکا اور طالبان، افغانستان میں قیام امن کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں