امریکا، روس، چین اور برطانیہ کو کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے : ملیحہ لودھی

نیو یارک : سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کہتی ہیں۔ امریکا، روس، چین اور برطانیہ کو کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث پاکستانی کی بڑی کامیابی ہے۔ دنیا کا کوئی بھی ملک کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی حمایت نہیں کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اس وقت دنیا میں تنہا ہے۔ بھارت کا ساتھ دینے والے ممالک کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں ہوگا۔ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ بچوں کو دودھ تک میسر نہیں ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی دھجیاں اڑا دیں ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو مذہبی آزادی حاصل نہیں۔ عید اور نماز جمعہ پر کشمیریوں کو مذہبی فریضہ ادا کرنے سے روکا گیا۔ دنیا کی مہذب اقوام ایسے حالات کو قبول نہیں کرسکتی ہیں۔