جی ٹی وی نیٹ ورک
دنیا

امریکا لبنان کے مسائل کے حل میں رکاوٹ ڈال رہا ہے : سربراہ حزب اللہ لبنان

بیروت : حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا لبنان کے مسائل کے حل میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، ایک سیاسی الزام نہیں ہے بلکہ اس کے ثبوت موجود ہیں۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے اپنے ایک اہم خطاب میں لبنان کے موجودہ حالات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا، لبنان کے مسائل کے حل میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں ہم خانہ جنگی اور ہنگامہ آرائی کے لئے دشمنوں کی سازشوں سے دور ہو چکے ہیں اور اطلاعات کی بنیاد پر جانتے ہیں کہ ملک کو بدامنی کی جانب لے جانے والے کون لوگ ہیں۔

سید حسن نصراللہ نے لبنانی وزیراعظم سعد حریری کے استعفے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ نے شروع میں ہی کہا تھا کہ وہ اس استعفے کی تائید نہیں کرے گی۔

حزب اللہ سربراہ نے کہا کہ امریکا لبنان کے اقتصاد کو نشانہ بنا رہا ہے، یہ ایک سیاسی الزام نہیں ہے بلکہ اس کے ثبوت موجود ہیں۔

واضح رہے کہ لبنانی مظاہرین نے جمعے کو بیروت کے ریاض الصلح اسکوائر پر اجتماع کرکے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

لبنانی مظاہرین نے حکومت کے پرچم کو بھی نذرآتش کیا۔ لبنان میں سترہ اکتوبر سے بدعنوانی اور اقتصادی بدحالی کے خلاف عوام کے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ خبریں