انسداد دہشتگردی عدالت نے رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی

لاہور : انسداد دہشتگردی عدالت نے رانا ثناءاللہ کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق رانا ثناء اللہ کی ضمانت کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت ہوئی، عدالتی کارروائی شروع ہونے پر فاضل جج نے وکیل اے این ایف نے استفسار کیا کہ کیا رانا ثناءاللہ کے کیس کا تمام ریکارڈ مکمل ہو چکا ہے؟

وکیل اے این ایف نے عدالت کو بتایا کہ رانا ثناءاللہ کے کیس کا تمام ریکارڈ مکمل ہو چکا ہے، رانا ثناء اللہ کے وکیل فرہاد علی شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اے این ایف نے موقع پر کوئی کارروائی نہیں بلکہ آفس پہنچ کر جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

رانا ثناءاللہ کے اسٹاف کے پانچ ممبران کی درخواست ضمانت منظور ہو چکی ہے، سیف سٹی کے کیمروں نے ہمارے مؤقف کو درست ثابت کیا، سیف سٹی کی فوٹیجز کے مطابق رانا ثناءاللہ کی گاڑی تین بج کر چونتیس منٹ پر کینال روڈ پر پہنچی۔

رانا ثناءاللہ کی گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو ریکارڈ کاحصہ بنایا گیا، رانا ثناءاللہ کی درخواست ضمانت سیف سٹی کا ریکارڈ آنے کے بعد دوبارہ دائر دی ہے۔

عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے رانا ثناءاللہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔