جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

ایف اے ٹی ایف کا اجلاس کل سے شروع ہوگا، پاکستان آخری دفاع پیش کرے گا

ایف اے ٹی ایف

اسلام آباد: ایف اے ٹی ایف کا اجلاس کل سے تھائی لینڈ میں شروع ہوگا، پاکستان اجلاس میں اپنا آخری دفاع پیش کرے گا۔

ایف اے ٹی ایف کا اجلاس کل سے تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں ہوگا۔ اجلاس 8 ستمبر سے 13 ستمبر تک جاری رہے گا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس کی صدارت چین کے فنانشل انٹیلیجنس یونٹ کے سربراہ کریں گے۔ ایشیا پیسیفک گروپ میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس اجلاس میں پاکستان اپنا آخری دفاع پیش کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ایف اے ٹی ایف اجلاس: پاکستان کیخلاف بھارتی قرارداد چین، ترکی، ملائیشیا نے روک دی

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اجلاس کیلئے وزارت خارجہ و داخلہ اور چاروں صوبوں کی مشاورت سے نئی نیشنل رسک اسیسمنٹ مکمل کرلی گئی ہے۔ پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک میں منی لانڈرنگ اور ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام سے متعلق ٹرانس نیشنل جائزہ رپورٹ پیش کرے گا۔

بینکنگ سیکٹر، نان بینکنگ سیکٹر اور فنانشل سیکٹر کی سپروائزری صلاحیت میں اضافے،  مالیاتی اداروں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام، اسٹاک مارکیٹ، انشورنس سیکٹر میں غیر قانونی سرمایہ کی روک تھام پر اقدامات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے گی۔

پاکستانی وفد رئیل اسٹیٹ سیکٹر، جیولرز اور قیمتی پتھروں کے تاجروں، معدنیات کی کانوں کی سپروائزری مستحکم بنانے، پاکستان بچت، پاکستان پوسٹ کی بچت اسکیموں میں غیر قانونی سرمایہ کی روک تھام سے متعلق رپورٹ بھی پیش کرے گا۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا حتمی اجلاس اکتوبر کے آخر میں پیرس میں ہوگا۔

متعلقہ خبریں