ایک ہی شخص کو ہیڈ کوچ اور سلیکٹر بنانے کی حمایت، آفر ہوئی تو استخارہ کروں گا: مصباح

لاہور: مصباح الحق ایک ہی شخص کو ہیڈ کوچ اور سلیکٹر بنانے کے حامی ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سلیکٹر یا ہیڈ کوچ کی آفر ہوئی تو استخارہ کروں گا۔

قذافی اسٹیڈیم میں پری سیزن کیمپ کمانڈنٹ مصباح الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ میں سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کو ترجیح دی، تمام پرفارمرز کو بلانا ممکن نہیں تھا، ضروری نہیں کیمپ والے ہی سری لنکا کے کے لیے سلیکٹ ہوں گے۔

سابق کپتان نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کا ممبر ہونے کے ناطے کیمپ کمانڈنٹ بنایا گیا، کوچنگ کی خبروں میں صداقت نہیں ہے، تاحال کوچنگ کے لیے درخواست نہیں دی، ہیڈ کوچ بنا تو کرکٹ کمیٹی سے مستعفی ہوجاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوچ و سلیکٹر ایک ہونے سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا ذمہ دار وہی ہوتا ہے، اگر کوچ یا سلیکشن میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو استخارہ کروں گا۔

مصباح الحق نے مزید کہا کہ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کے نظم و ضبط اور فٹنس کو مستقل بنانے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔