جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

بابراعظم ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں 500 رنز بنانیوالے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے

لاہور : بابراعظم ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں 500 رنز بنانیوالے پہلے پاکستانی بلے باز اور 4000 رنز بنانے والے تیز ترین بلے باز بن گئے۔

انگلینڈ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں پاکستانی نوجوان بلے باز بابر اعظم کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔

سمرسیٹ کیلئے کھیلتے ہوئے انہوں نے گلیمورگن کے خلاف ایک اور نصف سنچری اسکور کر ڈالی اور اب ٹورنامنٹ میں ان کے رنز کی تعداد 500 سے زائد ہوگئی ہے۔

بابر اعظم کسی بھی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں 500 سے زائد رنز اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ احمد شہزاد کے پاس تھا، جنہوں نے 2012 میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران 486 رنز بنائے تھے۔

بابر اعظم کے شاندار 63 رنز کی بدولت ان کی ٹیم نے گلیمورگن کیخلاف 25 رنز کی فتح حاصل کی۔ انہیں شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ اپنی اننگز کے دوران انہوں نے ایک چھکا اور سات دلکش چوکے لگائے۔

اس کے علاوہ 24 سالہ کرکٹر نے ٹی ٹونٹی کیریئر کے دوران 4000 رنز بھی مکمل کیے اور ایسا کرنے والے وہ تیز ترین پاکستانی بلے باز ہیں۔

بابراعظم نے اب تک 11 میچز میں 60.11 کی اوسط سے 541 رنز بنائے، جس میں ایک سنچری اور 4 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

انہوں نے 355 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے یہ رنز152.39 کے اسٹرائیک ریٹ سے سکور کیے۔ 2 بار ناٹ آٹ رہے جبکہ 14 چھکے اور 57 چوکے لگائے۔

بابر اعظم 118 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 42.48 کی اوسط سے 4026 رنز سکور کرچکے ہیں، جن میں 2 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے یہ رنز 124.22 کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیے ہیں۔

متعلقہ خبریں