بلاول خاندانی بدزبان ہے، فریال کو قانون کے مطابق جیل منتقل کیا گیا : ڈاکٹر شہباز گِل

لاہور: شہباز گل نے نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنی اور اپنے خاندان کی کرپشن چھپانے کیلئے کشمیر کے حساس معاملے پر سیاست کی۔ بلاول خاندانی روایت پر قائم رہتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کیلئے بدزبانی کا مرتکب ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنی اور اپنے خاندان کی کرپشن چھپانے کیلئے کشمیر کے حساس معاملے پر سیاست کی جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے حوالے سے بار بار بدزبانی کرکے بلاول اپنی گندی تربیت کا پول کھول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شدید افسوس کا مقام ہے کہ پہلے بلاول کے دادا نے اپنی بدزبانی سے قائداعظم کو بھی نہیں بخشا۔ پھر بلاول کے 10٪ والد نے قیام پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے مہاجرین کے خلاف ہرزہ سرائی کی، بدتمیزی اور بیہودگی کی اسی خاندانی روایت پر قائم رہتے ہوئے بلاول وزیراعظم پاکستان کیلئے بدزبانی کا مرتکب ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بلاول کو علم ہونا چاہیے کہ اصل سلیکٹڈ آپ کے نانا تھے، جنہیں ڈکٹیٹر کی کاسہ لیسی کرنے پر 1958 میں سلیکٹ کیا گیا تھا۔

فریال تالپور کو اسپتال سے جیل منتقل کرنے کے بارے میں ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ‏فریال تالپور صاحبہ کو رات میں ہسپتال سے جیل منتقل کرنے پر پراپیگنڈاجاری ہے۔ یادرکھیں عدالت نے فریال تالپور کی اسپتال موجودگی کے دوران انہیں جوڈیشل کیا، اسی لیے اسپتال کو سب جیل قراردیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ ڈسچارج ہونے پر اسپتال (سب جیل) سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا، جو قانوناً کسی بھی وقت کیا جاسکتا ہے۔ ‏یہ بھی یادرکھیں کہ فریال تالپور کامعائنہ کرنے کیلئے 3 سینیئر ڈاکٹرز کا پینل بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فریال تالپر کو ڈسچارج کرتے ہوئے تینوں کی ماہرانہ رائے کو مدنظررکھا گیا، جن کے مطابق مریضہ تندرست تھیں۔ اس لیے حواس باختہ اپوزیشن کے پراپیگنڈے میں مت آئیں؛ سب جیل سے سینٹرل جیل منتقلی کسی بھی وقت ہوسکتی ہے۔