بل گیٹس کا عمران خان کو خط، پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو وائرس پر شدید تحفظات کا اظہار

اسلام آباد : مائیکروسافٹ ورلڈ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز وزیراعظم کو مائیکرو سافٹ ورلڈ کے بانی بل گیٹس کا خط موصول ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن پاکستان سے اشتراق کا فروغ دیکھ رہا ہے، احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر کے ساتھ بھی تخفیف غربت سے متعلق جون میں ملاقات ہوئی ہے۔

خط میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تخفیف غربت سے متعلق طویل المدتی کام کرنا چاہتے ہیں اور احساس پروگرام کیلئے ڈلیوری یونٹ بھی قائم کرنا چاہتے ہیں۔

بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کیسز کے بڑھنے پر اظہار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی صورتحال انسداد پولیو کی کوششوں کیلئے خطرہ ہے،

ان کا کہنا تھا کہ خطرناک پولیو وائرس پاکستان بھر میں دن بدن پھیلتا جارہا ہے، خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کا بڑھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہائر رسک علاقوں میں پولیو وائرس کے ٹیسٹ مثبت آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کی بڑی تعداد مہم کے دوران انسداد پولیو ویکسین سے محروم رہ جاتی ہے اور اس کے علاوہ پاکستان میں مزاحمت اور مناسب انتظامات نہ ہونے پر بھی وائرس بڑھتا جارہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت انسداد پولیو پروگرام میں خامیوں کو فوری طور پر دور کرے، بل اینڈ گیٹس ملینڈا فاﺅنڈیشن انسداد پولیو میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔