تیز رفتار بس کھائی میں گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی

سندھ: ٹھٹھہ کے قریب بس تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گرگئی، حادثے میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

تیز رفتاری معصوم جانوں کو نگل گئی، ٹھٹھہ کے علاقے بگھاڑ موری کے قریب اس وقت پیش آیا، جب کراچی سے کلری جھیل جانے والی تیز رفتار بس کھائی میں جاگری۔ جس سے گاڑی میں سوار 3 بچوں سمیت 4 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا اور 20 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار افراد اورنگی ٹاؤن کے رہائشی تھے، متاثرہ خاندان درگاہ حضرت جمیل شاھ داتار پیر پٹھو سے حاضری دے کر کلری جھیل جارہے تھے۔ واقعے کے بعد سول اسپتال مکلی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ڈاکٹرز کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ ریشماں، 5 سالہ اسد، 6 سالہ عرفان اور 7 سالہ افشاں کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے میں شدید زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا ہے۔