رمیض راجہ نے مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی مخالفت کردی

لاہور: رمیض راجہ نے مصباح الحق کو دفاعی حکمت عملی کے سبب قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی مخالفت کردی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیض راجہ کا کہنا ہے کہ مصباح کی دفاعی حکمت عملی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے درست نہیں۔ مصباح کچھ خود کرنے کے بجائے مخالف ٹیم کی غلطی کا انتظار کرتے ہیں۔

سابق کپتان نے زور دیا کہ پاکستان کو بے خوف اور جدید طرز کی کرکٹ کھیلنی ہوگی، تب ہی گرین شرٹس کامیاب ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاعی حکمت عملی سے ٹیم کو وہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے، جو بہترین پلاننگ اور جدید طرز اور بے خوف ہو کر کھیلنے سے ملتے ہیں۔

واضح رہے کہ مائیک ہیسن کی جانب سے انکار کے بعد مصباح پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے مضبوط ترین امیدوار بن گئے ہیں۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 45 سالہ سابق کپتان کو ہیڈ کوچ کے عہدے کے ساتھ ساتھ چیف سیلیکٹر بھی بنادیا جائے گا۔