سب کشمیر کے لیے ایک ہو جاؤ، باقی نیب کو اپنا کام کرنے دو : شیخ رشید

کشمیر کے لیے

مظفر آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔ سب کشمیر کے لیے ایک ہو جاؤ، باقی نیب کو اپنا کام کرنے دو۔

مظفرآباد کے سینٹرل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مودی کی عقل جواب دے چکی ہے، مقبوضہ وادی میں حریت رہنماؤں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر کے کرفیو کو چالیس روز گزر گئے، ہزاروں افراد پتھراؤ کے الزام میں گرفتار

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کمزور ہو سکتی ہے، دفاع کمزور نہیں ہے، مودی کو جواب دینے کا وقت آگیا ہے، مودی پھنس گیا ہے اسے جانے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ کوئی ملک جنگ نہیں چاہتا لیکن مودی نے مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ آرٹیکل 370 کو ختم کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان آج آزاد کشمیر میں تاریخی خطاب کرنے جا رہے ہیں اور 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان دنیا کو واضح پیغام دیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مودی فاشسٹ نے 303 سیٹوں میں سے کسی مسلمان کا نام نہیں دیا، مودی سرکار نے آسام میں 20 لاکھ مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنا دیا ہے، مودی نے اسلام اور مسلمانوں کےخلاف اعلان جنگ کیا ہے۔

انہوں نے 22 ستمبر کو ایل او سی کے سماہنی سیکٹر کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کے بعد مقبوضہ کشمیریوں کو کال دوں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس بند کر دیں، ننکانہ صاحب کے لیے ٹرین چلاؤں گا۔

شیخ رشید نے کہا اپوزیشن سے درخواست ہے کہ مسئلہ کشمیر کو سیاست سے بالا تر رکھے، سب کشمیر کے لیے ایک ہو جاؤ، باقی نیب کو اپنا کام کرنے دو۔