عمران صاحب! ایک سال مکمل ہوا اور آپ تمام مضامین میں فیل ہیں : مریم اورنگزیب

اسلام آباد: مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب! ایک سال میں آپ نے تمام قومی کامیابیوں کو بدترین ناکامیوں میں بدل دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب! ایک سال مکمل ہوا اور آپ تمام مضامین میں فیل ہیں۔ ایک سال میں آپ نے تمام قومی کامیابیوں کو بدترین ناکامیوں میں بدل دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب! 18 اگست کو اپنی نالائقی اور نااہلی پر جھوٹ کا عالمی ریکارڈ بنائیں گے۔ ایک سال میں کتنے انڈے، کٹے اور مرغیاں بانٹی ہیں؟ ایک سال ہو گیا عوام روٹی کی جگہ بھوک اور مہنگائی کی تبدیلی کھا رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب! آپ نے تو ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دینے تھے؟ آپ نے تو روٹی، کاروبار اور روزگار بھی چھین لیا۔ ایک سال میں صرف آپ کا محل پکا ہوا ہے اور آئی ایم ایف کی ٹیم کو نوکری ملی۔ 45 لاکھ ریپورٹ غربت کی لکیر سے نیچے اور 15 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب! ایک سال میں روپے کی قیمت میں 33 فیصد تاریخی کمی ہوئی، جس سے منگائی کا طوفان برپا ہوگیا۔ آپ کی نالائقی نے ایک سال میں ملک کی ترقی چھ فیصد سے 3 فیصد اور مہنگائی کی شرح تین فیصد سے 10 فیصد کر دی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب! ایک سال میں شرح سود 5.75 فیصد سے 14 فیصد کر دی، ٹیکس وصولی میں 600 ارب کا تاریخی خسارہ ہو گیا، ریکارڈ 7000 ہزار قرضہ لیا اور ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔ پاکستان خطے کا سستے ترین ملک سے دوسرا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب! ایک سال میں آپ نے 73 سالہ تاریخ میں سات ہزار ارب قرض اضافہ کر کے نااہلی کا نیا ریکارڈ قائم کیا، گیس کے نرخوں میں دو سو فیصد اور بجلی کی قیمت میں 35 فیصد اضافہ کیا، بیرون ملک سرمایہ کاری میں پچاس فیصد کمی ہوئی جو دس سال کی کم ترین سطح پر ہے۔