مقامی حکومت کا نیا نظام، مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی : وزیراعظم

مقامی حکومت

اسلام آباد: مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اجلاس، وزیراعظم نے کہا کہ مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔ ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے عوام کے بنیادی مسائل کا حل ممکن ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، ممبرقومی اسمبلی اسد عمر، صوبائی وزیرِ خزانہ کے پی تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ شہرام خان تراکئی و سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہء خیال کیا گیا۔

شرکاء کو صوبہ خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے خد وخال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ کو بلدیاتی قوانین میں ترمیم پر 12 ستمبر تک مہلت دے دی

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا۔ نئے نظام کے تحت مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنایا گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مقامی حکومت کے نئے نظام سے مقامی سطح کے مسائل حل کرنے اور اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔ ماضی کے مقابلے میں نئے نظام کے تحت ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے عوام کے بنیادی مسائل کا حل ممکن ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت فنڈز کی امتیازی تقسیم اور ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر مخصوص علاقوں میں استعمال کی روش کی بھی مؤثر طور پر روک تھام ممکن ہوگی۔ تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے عوام الناس کو اہل اور قابل نمائندگان منتخب کرنے کے مواقع میسر آئیں گے اور سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی۔