جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

مولانا کا ایجنڈا سانوں وی کھڈاو نہیں تے کھیڈ مکاؤ ہے : فردوس عاشق

اسلام آباد : فردوس عاشق نے کہا ہے کہ مولانا کا ایجنڈا سانوں وی کھڈاو نہیں تے کھیڈ مکاؤ ہے، طالبان کے جھنڈے بلند کر کے فضل الرحمن پاکستان کے ابھرتے ہوئے روشن تشخص کو کیوں داغدار کرنا چاہتے ہیں؟

وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پہلے دن کہا تھا کہ مولانا کا ایک ہی ایجنڈا ہے "سانوں وی کھڈاو نہیں تے کھیڈ مکاؤ”۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اقتدار کی محرومی کا بدلہ پاکستان اور قوم سے نہ لیں۔ پاکستان کے عوام اور قومی سلامتی کے اداروں نے ملک میں امن کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے سماجی میڈیا ٹوئٹر پر ایک کے بعد دوسرے ٹوئٹر بیان میں سوال اٹھایا کہ جتھوں، ملیشیاء اور جلسے میں طالبان کے جھنڈے بلند کر کے فضل الرحمن پاکستان کے ابھرتے ہوئے روشن تشخص کو کیوں داغدار کرنا چاہتے ہیں؟

معاون خصوصی نے مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ وہ میمو گیٹ، ڈان لیکس وناور ٹو کے کرداروں کا کھلونا نہ بنیں۔ اداروں کو متنازع بنا کر انتشاری سیاست کے ذریعے پاکستان کے دشمنوں کا ایجنڈا آگے نہ بڑھائیں۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمن صاحب! اپنی ذات اور اولادوں کے مستقبل سے آگے نہ دیکھنے والے کرپشن کنگز آپ کو اپنے مقاصد اور مفادات کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔ آپ مال پانی بچاؤ گروہ کے ہاتھوں قربانی کا بکرا کیوں بننا چاہتے ہیں؟

بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول نے جتھوں بھرے، طالبان کے جھنڈے اٹھائے اجتماع میں شرکت کرکے بی بی شہید کے فلسفے سے غداری اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانی کو ملیامیٹ کردیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ وہ دھرتی کے سچے بیٹے اور قومی ہیرو ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ادارے ہمارا فخر، وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے ضامن ہیں۔ اپنے گھناؤنے ذاتی سیاسی عزائم کی تسکین کیلئے انہیں سیاست میں گھسیٹنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

متعلقہ خبریں