جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

نجی کمپنی کے ملازم نے واجبات نہ ملنے پر ساتھیوں کو یرغمال بنالیا

  کراچی : سپر ہائی وے پر واقع ایک نجی ٹیکسٹائل کمپنی کے ملازم سلیم شہزاد نے اسلحے کے زور پر کمپنی کے دیگر ملازمین کو یرغمال بنالیا اور ان کی رہائی کے عوض کمپنی سے اپنے واجبات مانگ لیے۔

شہر قائد میں واقع نجی کمپنی میں ایک ملازم نے اپنے واجبات نہ ملنے پر ساتھیوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بناتے ہوئے خودکش دھماکے کی دھمکی دے دی۔

ملازم شہزاد نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ خود کو دھماکے سے اڑا لے گا کیوں کہ اس کے پاس بارود سے بھرا بیگ موجود ہے۔

فیکٹری ملازم کا شکوہ ہے کہ دوماہ پہلے میں کمپنی میں زخمی ہوا تو مالک نے علاج کرانے کے بجائے مجھے نوکری سے نکال دیا اور ساتھیوں نے میرا ساتھ دینے کے بجائے چپ سادھ لی، میں نو ماہ سے کمپنی میں ملازم ہوں، بہن کی شادی ہے لیکن دو ماہ سے تنخواہ نہیں ملی اور نوکری سے بھی نکال دیا گیا ہے۔

ملزم کی جانب سے دیگر ملازمین کو یرغمال بنائے جانے پر انتظامیہ نے پولیس کو طلب کیا ہوا ہے جب کہ ملزم نے ایک ویڈیو بیان بناکر جاری کیا ہے جس میں اس نے اپنے مطالبات پیش کیے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ ملزم نے 5 تا 6 افراد کو یرغمال بنایا ہے جس سے بات چیت کرنے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے تاہم ملزم نے چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے بات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں