نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں : فردوس عاشق

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی گفتگو کے بعد فضل الرحمان کے مارچ کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی میڈیا پر اپنے بیان میں نواز شریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر آزادی مارچ کے حوالے سے میڈیا سے ہونے والی بات چیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف کی گفتگو کے بعد فضل الرحمان کے مارچ کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ ان کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کیلئے نہیں چوروں کی آزادی کیلئے ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ مولانا فضل الرحمان مظلوموں اور بے کسوں کے لئے نہیں بلکہ کرپشن کنگز کے سیاسی و معاشی روزگار کو تحفظ دینے کے لیے باہر نکلے رہ ہیں۔

معاون خصوصی نے مسلم لیگ (ن) کی آزادی مارچ کے حوالے حکمت عملی کے باضابطہ اعلان نہ ہونے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ کبھی بال شہباز شریف کے پاس ہوتی ہے، تو کبھی نواز شریف کے پاس۔

انہوں نے طنزیہ کہا کہ دونوں گول کرنے میں ناکام ہیں، کیونکہ دونوں کے گول پوسٹ الگ الگ ہیں۔آج ماڈل ٹاؤن میں ہونے والا اجلاس بھی اسی کھیل کا حصہ ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جانتے ہیں کہ فضل الرحمان سیاسی حلوے کے شیدائی ہیں، جس کے حصول کیلئے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اندرونی اور بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے بھارت کے خلاف یوم سیاہ  کے دن کو سیاست کے لئے چنا گیا۔