نواز شریف جس ملک چاہیں، جا سکتے ہیں، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں : چوہدری سرور

لاہور : گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ نواز شریف جس ملک میں جانا چاہتے ہیں جائیں، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، فضل الرحمان ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں وہ ٹکراؤ کی سیاست نہیں کریں گے۔ راہداری کھولنے میں پاکستان کا کوئی سیاسی مقصد نہیں۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ نواز شریف جس ملک میں جانا چاہتے ہیں جائیں، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ نواز شریف کو پاکستان میں موجود تمام طبی سہولیات فراہم کیں۔ مریم نواز کو پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی صحت کے بار میں جب علم ہوا تو بہترین علاجِ معالجے کی سہولیات مہیا کیں۔ وزیراعظم عمران خان نے خصوصی طور پر ہدایات کیں کہ نواز شریف کو مکمل سہولیات مہیا کیں جائیں۔ تیمار داری کے لیئے مریم نواز کو ریلف دیا۔

آزادی مارچ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے، ہم نے کسی کو نہیں روکا۔ مولانا کے دھرنے کا وقت مناسب نہیں۔ یہ وقت پوری قوم کو یک زبان ہو کر کشمیر کے ایشو پر اواز اٹھانے کا وقت تھا۔ دھرنے والوں کو کراچی سے اسلام آباد تک کسی جگہ پر نہیں روکا گیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ فضل الرحمان ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں وہ ٹکراؤ کی سیاست نہیں کریں گے۔ امید ہے بات چیت سے مولانا سے معاملات طے پا جائیں گے۔

کرتار پور راہداری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہداری کھولنے میں پاکستان کا کوئی سیاسی مقصد نہیں۔ ہم سکھوں کو ریلیف دے رہے ہیں اور علامہ اقبال کا بھی یہ مشن تھا کہ اقلیتوں کو حقوق دئیے جائیں۔ کرتارپور راہدری کو دنیا میں پزیرائی مل رہی ہے۔