پاکستان کی سالمیت پر آنچ آئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا : امریکا میں پاکستانی سفیر

امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا ہے کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ اب چین اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔

امریکہ میں موجود پاکستانی سفیر اسد مجید نے غیرملکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں اشیائے ضروریہ تک رسائی ختم کی گئی، پاکستان پہلے ہی باور کرواچکا ہے کہ سالمتی پر آنچ آئی تو جوابی کارروائی ضرور ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدام سے خطے کا امن متاثر ہوا ہے۔ گن پوائنٹ پر کشمیریوں کے معاشی تحفظات دور کرنے کی کوشش نا منظور ہے۔ اس بار بھارت سرحد پر دہشتگردی چھپا نہیں سکے گا۔

پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا انٹرویو کے دوران مزید کہنا تھا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ موجودہ صورتحال میں چین اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔ پاکستان ابتک بھارتی اشتعال انگیزی پر ذمہ داری کامظاہرہ کررہا ہے، لیکن ہماری تشویش کم نہیں ہوئی، اقوام متحدہ اورعالمی برادری صورتحال کا نوٹس لیں۔