پولیس خدمت کے لیے ہے تشدد کے لیے نہیں : شہباز گل

شہباز گل

لاہور: شہباز گل نے کہا ہے کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہے تشدد کے لیے نہیں، ہر ڈی ایس پی، ڈ پی او سے یہ حلف نامہ لیں گے کہ ان کے علاقے میں کوئی ٹارچر سیل نہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گِل کا کہنا تھا کہ ‘وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو 5 سال کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا ہے، اگر کسی کو عثمان بزدار کی شکل اچھی نہیں لگتی تو وہ کچھ نہیں کر سکتے ہیں’۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘ماضی کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب ایک دو مہینے نہیں مانگیں گے بلکہ جس دن وزیراعظم کا حکم آیا عثمان بزدار 12 گھنٹوں میں وزیراعلیٰ ہاؤس چھوڑدیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : صلاح الدین کے والد کی بیٹے کی قبر کشائی کروانے کا مطالبہ

پولیس حراست میں ملزمان کی ہلاکتوں کے حالیہ واقعات پر ان کا کہنا تھا کہ ‘وزیر اعظم نے واضح پیغام دیا ہے کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہے تشدد کے لیے نہیں، لہٰذا کسی صورت میں بھی کسی پر تشدد کے لیے کسی کو اجازت نہیں ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پولیس کلچر بدلنے میں وقت لگتا ہے، کوئی بھی کام ایک دن میں نہیں ہوتا، میں ملک سے باہر تھا اور پولیس سے متعلق خبریں سنا کرتا تھا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘حیرت ہے جو پولیس کو خواتین پر تشدد کا حکم دیتے تھے، آج وہی لوگ اسے بُرا بھلا کہہ رہے ہیں’۔

شہباز گل نے اعلان کیا کہ ‘اگر کسی علاقے میں ٹارچر سیل ملا تو اس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر ذمہ دار ہوں گے، کیونکہ اس سے قبل اس قسم کے تمام مقدمات سپاہی پر درج کردیے جاتے تھے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہر ڈی ایس پی، ڈی پی او سے حلف نامہ لیں گے کہ ان کے علاقے میں کوئی ٹارچر سیل نہیں جبکہ ہر تھانے میں ایک پبلک ریلیشن آفیسر تعینات کررہے ہیں جو عوام سے رابطے میں ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ ہر تھانے میں شکایت باکس بھی نصب کیا جائے گا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پولیس حراست میں تشدد کے واقعات پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک خود مختار بورڈ بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جس میں ہر طبقے کے افراد ہوں گے، بورڈ پولیس کے ہر معاملے کی انکوائری کرے گا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پولیس کو ٹھیک کرنا مشکل کام ہے، ہم اصلاحات کے وعدے پر قائم ہیں، خیبر پختونخوا میں پولیس نظام ٹھیک کرنے میں 2 سے 2.5 سال لگ گئے تھے، پنجاب میں بھی پولیس کا نظام جلد ٹھیک ہو جائے گا’۔

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ‘وزیر اعظم کا عوام سے وعدہ ہے کہ پولیس کا نظام ٹھیک کر کے دکھائیں گے’۔