کراچی میں اڑتالیس گھنٹوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا؛ محکمہ موسمیات

کراچی: سندھ بھرمیں گزشتہ رات سے جاری مسلسل بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ شہرمیں ٹریفک کی روانی متاثر ہے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج شہر میں کھل کر بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات نے شام سے طوفانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے اڑتالیس گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔ رات گئے سے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے۔

بارشوں کے باعث شہرکے نشیبی علاقے زیرآب آنا شروع ہوگئے ہیں لانڈھی، نیوکراچی، نارتھ کراچی، کورنگی، شاہ فیصل سمیت دیگرعلاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہوگیا ہے۔

دوسری طرف کے الیکٹرک نے روایتی طریقہ کار کو اپناتے ہوئے شہر کے بیشترعلاقوں کی بجلی بندکردی۔ بجلی کے تعطل کے شکارعلاقوں میں صدر، ڈیفنس، لسبیلہ، لیاقت آباد، شاہ فیصل، لانڈھی، ملیر اور گلستان جوہر سمیت دیگرعلاقے شامل ہیں۔

بارش کے باعث صبح سے ہی پبلک ٹرانسپورٹ کم ہے جس کی وجہ سے نجی اور سرکاری دفاتر میں حاضری معمول سےکم ہے۔

کراچی میں برساتی ندی نالے اس وقت گندگی سے بھرے پڑے ہیں اگر موسلادھار بارش ہوئی تو یہ نالے ابل سکتے ہیں جس سے مزید نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔