کراچی : گھر میں دھواں بھر جانے سے چار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

کراچی: شہر قائد میں ایک گھر سے چار افراد مردہ حالت میں پائے گئے ہیں ، موت کا سبب جنریٹر کا دھواں بتایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ سانحہ کراچی کے علاقے لانڈھی بابر کانٹا کے قریب ایک گھر میں پیش آیا، چاروں افراد آپس میں بھائی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر سے ملنے والی میتوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی موت کا سبب جاننے کے لیے مزید تحقیقات ہوں گی۔

مرنے والے چاروں افراد سگے بھائی ہیں اور ان کی شناخت انور، عمر ، عثمان اور حمزہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ چاروں افراد لائٹ نہ ہونے کے سبب جنریٹر چلا کر سورہے تھے ، کمرے میں جنریٹر کا دھواں بھرجانے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔

ایس ایچ او شرافی گوٹھ فہد حسن کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد اصل وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔ جاں بحق افراد کا تعلق پشین ملنگا آباد سے ہے۔ رات گئے جاں بحق افراد سمیت دیگر 2 افراد نے ساتھ کھانا کھایا تھا۔ کمرے سے کچھ بچا ہوا کھانا بھی ملا ہے۔ جن دیگر 2 افراد نے کھانا کھایا تھا، ان کے بیانات قلمبند کیئے ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ بظاہر کھانے میں کوئی زہریلی چیز کے شواہد نہیں ملے۔ ملنے والے کھانے کو لیبارٹری میں چیک کیا جائے گا۔