کشمیریوں نے کرفیو توڑ کر بھارتی فوجی قبضے کو مسترد کردیا : ملیحہ لودھی

کرفیو توڑ کر

نیو یارک : ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں نے کرفیو توڑ کر بھارتی فوجی قبضے کو مسترد کردیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا رواں ماہ جنرل اسمبلی سے خطاب تاریخی ہوگا، کشمیریوں نے کرفیو توڑ کر بھارتی فوجی قبضے کو مسترد کردیا ہے۔ بھارتی جارحیت بے نقاب ہوچکی ہے۔

مزید پڑھیں : مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے : ملیحہ لودھی

ملیحہ لودھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر جبری طور پر قابض ہے۔ ملاقات کے دوران ساجد تارڑ نے سفارتی محاذ پر مستقل مندوب کی خدمات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کرانے کی پیشکش پر قائم ہیں۔


یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر پرعمران خان کا خطاب بہت جامع تھا، عمران خان کے پیغام کو لوگوں نے اچھی طرح سنا ہے۔

ساجد تارڑ کا کہنا تھا کہ ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے بارے میں عمران خان کی گفتگو لوگوں نے سنجیدگی سے سنی، عمران خان کا پیغام پورے امریکہ میں پھیلے گا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ عمران خان نے کشمیریوں کا مؤقف بڑی خوبصورتی سے پیش کیا، ستاون اسلامی ممالک میں سے عمران خان کو کنونشن میں تقریر کی دعوت دی گئی اور عمران خان ایک اسلامک لیڈر بن گئے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دورہ امریکہ کے دوران ہیوسٹن میں جلسہ کریں گے، جلسہ گاہ کے باہر کشمیری اور پاکستانی شہری مظاہرہ کریں گے۔