کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا گلہ گھونٹنے کی تمام کوششیں بری طرح ناکام ہوں گی : وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ عسکری قوت کے ذریعے تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہندو بالادستی کی خواہاں فاشسٹ مودی سرکار کو سمجھنا چاہئیے کہ برتر عسکری قوت کے ذریعے فوجوں، عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کو تو شکست دینا ممکن ہے مگر تاریخ شاہد ہے کہ جب کوئی قوم آزادی کیلئے یکجا ہو کر موت کے خوف سے چھٹکارا پالے تو کوئی قوت اسے اپنی منزل تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ مودی سرکار میں ہندوتوا کا پجاری ٹولہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے تمام سفاکانہ حربوں اور ہتھکنڈوں سمیت منہ کے بل گرے گا اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا گلہ گھونٹنے کی ان کی تمام کوششیں بری طرح ناکام ہوں گی۔