جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

کنٹینر پر موجود پانچ سابق حکمران خاندان، اولادوں کی حکمرانی کے لیئے حملہ آور ہیں : فردوس عاشق

اسلام آباد : کنٹینر پر وہ پانچ خاندان ہیں، جو ہمیشہ سے اس ملک پر حکمرانی کرتے رہے، اب وہ حکمرانی اپنی اولادوں تک پہنچانے کے لیئے ریاست پاکستان پر حملہ آور ہیں۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر آزادی مارچ کے اسٹیج پر موجود اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی تصویر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں لکھا کہ اگر غور کیا جائے تو اس وقت کنٹینر پر وہ پانچ خاندان ہیں جو ہمیشہ سے اس ملک پر حکمرانی کرتے رہے ہیں۔  یعنی، مفتی محمود خاندان، اچکزئی خاندان، ولی خان خاندان، بھٹو خاندان اور شریف خاندان۔

معاون خصوصی نے مزید لکھا کہ اب وہ حکمرانی اپنی اولادوں تک پہنچانے کے لیئے ریاست پاکستان پر حملہ آور ہیں۔

گزشتہ روز فردوس عاشق نے شہباز شریف کی آزادی مارچ سے خطاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنرل جیلانی کی پیوندکاری سے اداروں کی حمایت کے شکوے باعث تعجب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز صاحب جس قدر اس ملک کے نظام اور اداروں نے آپ کی حمایت کی اس کی نظیر نہیں ملتی مگر آپ نے ہمیشہ ان کی پیٹھ پر چھرا گھونپا اور قومی مفاد کے منافی عمل کیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ مودی سے پگڑیاں تبدیل  کیں اور جندال کو مری کی سیر کروائی۔ آج آپ ملک کو سیاسی عدم و استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہے ہیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور آپ میں فرق یہ ہے کہ آپ اپنی ذات، دھن اور اولاد سے  آگے نہیں دیکھ سکتے۔ عمران خان پاکستان کا سچا سپوت اور قوم کا قابل فخر ہیرو ہے، وہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کی فکر کرتا ہے۔ اپنے بچوں کیلئے نہیں قوم کے بچوں کیلئے سوچتا ہے۔ وہ ماضی کے حکمرانوں کے برعکس اپنی جیبیں بھرنے کی بجائے قومی خزانہ بھر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں