کوئی جبر، ظلم، کرفیو، ہتھکڑی اور کوئی قیدخانہ کشمیریوں کو غلام نہیں بنا سکتا : فردوس عاشق

اسلام آباد: فردوس عاشق نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کی خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندتوا کی سوچ پر کاربند مودی سرکار نے بھارتی تسلط کی پالیسی نہ ترک کی تو خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔بھارت اپنے انتہا پسندانہ رویے پر نظر ثانی کرے۔ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے روز مسلمانوں کو ان کے مقدس تہوار منانے سے روکنا  ثابت کرتا ہے کہ سیکولر اور جمہوری بھارت مودی کے ہاتھوں قتل ہوچکا ہے۔ کشمیریوں اور پاکستانیوں کی خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کوئی جبر، کوئی ظلم، کوئی کرفیو، کوئی ہتھکڑی اور کوئی قیدخانہ کشمیریوں کو غلام نہیں بنا سکتا ہے۔ عید کے دن کشمیریوں کو ان کی مذہبی رسومات ادا کرنے سے روکنا ثابت کرتا ہے کہ بھارت کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رہا ہے۔