کیوی کرکٹرز کی وطن واپسی، استقبال کے لیے کوئی نہ آیا

ویلنگٹن:ورلڈکپ فائنل کے بعد کیوی کرکٹرز کی وطن واپسی شروع ہوگئی جس میں پہلے مرحلے میں 6 کرکٹز آئے لیکن ان کے استقبال کے لیے صرف چند شائقین اور قریبی دوست احباب شامل تھے۔

ورلڈ کپ فائنل سپر اوور میں برابر رہا،بائونڈریز کے فرق سے شکست خوردہ قرار پانے والے چند کیوی کرکٹرز مرجھائے چہروں کے ساتھ وطن واپس پہنچ گئے ہیں، بھرپور مقابلے کی باوجود نرالے قانون کی وجہ سے ٹرافی ہاتھ سے چھوٹ جانے کی وجہ سے کھلاڑیوں کے دل ٹوٹے ہوئے تھے،استقبال کیلیے بہت کم لوگ ہی آکلینڈ ایئرپورٹ پر آئے،ان میں شائقین، رپورٹرزاور پلیئرز کے اپنے عزیز و اقارب شامل تھے۔

پہلے مرحلے میں پہنچنے والے6 پلیئرز میں شامل فاسٹ بولر بولر ٹرینٹ بولٹ نے اس موقع پر کہاکہ بظاہر کھیل کے دوران رونما ہونے والی چند چھوٹی چیزیں بھی آخر میں نتیجے پر گہرا اثر ڈالتی ہیں، سپر اوور کے بعد بھی اسکور برابر رہنے کے باوجود ہارنا ہمارے لیے ایک منفرد قسم کی صورتحال تھی۔

جبکہ نیوزی لینڈ کی ہار کے بعد جسنڈا آرڈرن نے کیوی کرکٹرز کا شاندار اسقبال کرنے کے لیے کہا تھا لیکن کھلاڑیوں کے مختلف شیڈول اور پہلے سے طے شدہ پلانز کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا۔