این ایچ اے منصوبوں میں اربوں روپے کے گھپلے، کیس انکوائری کمیشن حوالے

اسلام آباد: آڈیٹرجنرل کے خصوصی آڈٹ رپورٹ میں اہم انکشافات، سابق دورحکومت کےاین ایچ اے منصوبوں میں اربوں روپے کے گھپلے کیے گئے۔ وزیر مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر کیس وزیراعظم انکوائری کمیشن کو بھجوادیا گیا۔

آڈیٹرجنرل کے خصوصی آڈٹ رپورٹ میں اہم انکشاف ہوا ہے کہ سابقہ دور حکومت میں لواری ٹنل منصوبے میں حکومتی خزانے کو 3ارب55کروڑ سے زائد کا نقصان اور گوادر رتو ڈیرو منصوبہ میں 42 کروڑ 59 لاکھ روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ منصوبوں میں جان بوجھ کر تاخیر اور ٹھیکیداروں کو زائد ادائیگیاں کی گئی ہیں، تاخیری حربوں کے باعث حکومتی خرانے کو 45کروڑ 95 لاکھ روپے نقصان ہوا ہے۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ پی سی ون میں ہیر پھیر سے بھی قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ اوپن ٹینڈرنگ کی بجائے من پسند افراد کو غیر قانونی ٹھیکے دئیے گئے۔ منصوبے میں استعمال ایندھن کے نرخ بڑھا کر کروڑوں روپے کی رقم وصول کی گئی، ایندھن کی مد میں زائد ادائیگیوں کا حجم 1ارب 15کروڑ روپے رہا جبکہ منصوبے کے لیے19کروڑ 15 لاکھ روپے کی بلاجواز دائیگیاں کی گئیں۔

وفاقی وزیر مراد سعید کی ہدایت پر کیس وزیراعظم انکوائری کمیشن کو بھیج دئیے گئے ہیں، انکوائری کمیشن کرپشن میں ملوث عناصر کی نشاندہی کر سکے گا۔