جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

کراچی : گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا، عوامی رابطہ مہم کے ذریعے جی ڈی اے کی ضلعی سطح پر تنظیم سازی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

جی ڈی اے کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تیزگام ٹرین سانحے پر اظہار افسوس اور ریلوے نظام کو بہتر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں معظم علی عباسی کو کامیابی پر مبارک باد دی گئی اور سندھ میں زرعی پانی کی بندر بانٹ اور مخالفین کی زمینوں کو بنجر بنانے کی سازشیں کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے سندھ میں عوامی رابطہ مہم شروع کرکے پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ 14 نومبر کو جی ڈی اے مرکزی رہنماء غلام مرتضی خان جتوئی کی رہائش گاہ پر جی ڈی اے کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوگا، جس میں بدین، تھرپارکر، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں عوامی جلسوں کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ جی ڈی اے کی ضلعی سطح پر تنظیم سازی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

جی ڈی اے اراکین نے پیر صاحب پاگارا کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اراکین کا کہنا تھا کہ سندھ میں حکومت ناپید اور عوام پریشان حال ہیں لیکن عوام خود کو لاوارث نہ سمجھے کیونکہ جی ڈی اے پیر صاحب پاگارا کی قیادت میں سندھ کے مسائل حل کرائے گی۔

اجلاس میں سندھ میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری، امن امان کی بدتر صورتحال و دیگر پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور سندھ حکومت کی بے حسی کی مذمت بھی کی گئی۔

اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پیر سید صدر الدین شاہ راشدی،غلام مرتضی خان جتوئی، ڈاکٹر صفدر عباسی، سینیٹر سید مظفر حسین شاہ، سردار عبد الرحیم، حسنین مرزا، ایم پی اے عارف مصطفیٰ جتوئی، نند کمار گوکلانی، نعیم الرحمان، سید شفقت حسین شاہ، عبدالکریم شیخ، عبدالکریم شر اور دیگر کی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں