گلوبل ٹی 20 لیگ میں عمر اکمل کو فکسنگ کی پیشکش

ٹورنٹو : عمر اکمل کو گلوبل ٹی 20 کینیڈا لیگ میں فکسنگ کی پیشکش ہوئی، جسے انہوں نے رپورٹ کردیا۔

کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی 20 لیگ میں ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے فکسنگ کی پیشکش کرنے والے سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر کو رپورٹ کردیا۔

گلوبل ٹی 20 کینیڈا لیگ میں اینٹی کرپشن یونٹ کے ارکان نے ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کو دو اشخاص سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر یہ افراد ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کریں تو فورا مطلع کریں۔

ان میں سے ایک شخص کا نام کرش بتایا جارہا ہے، جس کا بھارت سے تعلق ہے جبکہ دوسرا شخص سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر منصور اختر ہے۔

اطلاعات کے مطابق منصور اختر کے بارے میں عمر اکمل نے اینٹی کرپشن کو رپورٹ کی ہے کہ انہیں منصور کی جانب سے کرپشن میں ملوث ہونے کی پیش کش کی گئی ہے۔

امریکا میں مقیم 61 سالہ منصور اختر گلوبل ٹی 20 لیگ میں ونیپیگ ہاکس کے آفیشل تھے اور عمر اکمل بھی اسی ٹیم کے لیے کھیل رہے تھے، اطلاعات کے مطابق جب منصور اختر نے کرپشن میں ملوث ہونےکی پیش کش کی تو عمر اکمل نے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بعدازاں گلوبل کینیڈا لیگ کے منتظمین کو مطلع کیا۔

1980 سے 1990 تک پاکستان کے لئے 19 ٹیسٹ اور 41 بین الاقوامی ون ڈے کھیلنے والے منصور اختر اب دکھائی نہیں دے رہے۔

دوسری طرف گلوبل ٹی 20 میں شامل تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن یونٹ نے کرش اور منصور اخترسے دور رہنے اور رابطہ کرنے کی صورت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ گلوبل ٹی 20 لیگ میں پاکستان کے عمر اکمل سمیت 9 کرکٹرز ایکشن میں ہیں۔