گھریلو جھگڑے میں باپ نے بچوں کو زہر گھول کر پلا دیا

سیال کوٹ: انسانیت تو دنیا سے جیسے روٹھ ہی گئی، سیال کوٹ میں ایسے ہی سنگ دل باپ نے گھریلو جھگڑے میں بچوں کو بوتل میں زہر کی گولیاں گھول کرپلا دیں۔ بچوں کوتشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیاگیا۔

والدین جہاں بچوں کے لیے ایک سایہ دار درخت کی مانند ہوتے ہیں مگرکبھی کبھی سب کچھ ویسا نہیں ہوتا جیسا لکھا یا سنا جاتا ہے۔ یہ افسوس ناک واقعہ تھانا صدرکی حدود میں پیش آیا جہاں رحمت پورہ میں زہریلا مشروب پینے پر پانچ بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق گھرمیں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا جس پرسنگ دل باپ نے اپنے دس سے سولا سال کی عمر کے پانچ بچوں کو بوتل میں زہر گھول کر پلا دیا۔ زہر پینے کے بعد بچوں کی حالت غیرہوگئی جنھیں بعد میں ریسکیو اداروں نے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا۔

واقعے پر تھانا صدر پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد والد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔