جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

117 دنوں بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ دوبارہ مشکلات کا شکار

کرکٹ

ساؤتھمپٹن: 117 دنوں بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تین ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی دوبارہ مشکل میں پڑ گئی، ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی روز (آج) محکمہ موسمیات نے بارش ہونے کی پیش گوئی کر دی ہے۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سے دی روز باؤل، ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا، تاہم بارش کے امکان کے باعث میچ کا آغاز کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے برطانوی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے لے کر شام 4 بجے تک بارش کی پیش گوئی کی ہے جب کہ میچ برطانوی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شیڈول ہے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث یہ میچز بند دروازوں کے پیچھے بغیر شائقین کے کھیلے جائیں گے تاہم کھلاڑیوں کو شائقین والا ماحول دینے کے لیے شائقین کے مصنوعی شور کی آڈیو اور میوزک چلایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کا مورال بلند رہے۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ 3 ماہ سے معطل تھی۔

متعلقہ خبریں