جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

2018 کا تنازع ختم : سعودی عرب اور کینیڈا کے سفارتی تعلقات بحال

2018 کا تنازع

کینیڈا اور سعودی عرب نے مکمل سفارتی تعلقات بحال کرنے اور نئے سفیروں کے تقرر پر اتفاق کیا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک میں 2018 کا تنازع ختم ہوگیا۔

دونوں ممالک نے تادیبی تجارتی اقدامات ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، ژاں فلپ لینٹیو ریاض میں کینیڈا کے نئے سفیر مقرر کردیئے گئے۔ دونوں ممالک نے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ 2018 کا تنازع  دو طرفہ تعلقات اور تجارت کو نقصان پہنچانے کا سبب تھا۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے درمیان ہونے والی بات چیت کی روشنی میں کینیڈا کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح کو اس کی سابقہ حالت میں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق یہ فیصلہ دونوں فریقوں کی جانب سے باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کرنے کی خواہش کا نتیجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یمن میں سیاسی حل کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں : سعودی عرب

دوسری جانب کینیڈا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ گزشتہ سال نومبر میں بنکاک میں ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) فورم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم ٹروڈو اور سعودی ولی عہد کے درمیان ہونے والی بات چیت کے تنظر میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ملکوں میں تنازع کا آغاز اس وقت ہوا، جب ریاض میں کینیڈا کے سفارت خانے نے عربی زبان میں ایک ٹویٹ میں سعودی عرب میں حراست میں لی گئی خواتین کے حقوق کی کارکنان کی فوری رہائی پر زور دیا تھا۔ جس پر سعودی عرب نے کینیڈا سے اپنے سفیر کو واپس بلا کر کینیڈا سے نئی تجارت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں