عید میلاد النبیﷺ: صدراوروزیراعظم پاکستان کی قوم کومبارکباد

صدر مملکت نے کہا کہ فلاح کا دارومدار سیرت النبی پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ قوم کو آج پختہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صحیح معنوں میں سیرت طیبہ کی پیروی کرے گی۔

صدر عارف علوی نے جشن ولادت رسول ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانیت کی فلاح کا دارومدار حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے ۔۔حضور اکرم کی زندگی سادگی، انصاف، رحمت، سخاوت اور تواضع کا درس اور ہمارے لیے کھلی کتاب کی صورت ہے۔۔۔ اللہ تعالیٰ نے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پوری انسانیت کے لیے کامل رہنما اور معلم بناکر بھیجا اور سرکار دوعالم کی تعلیمات سے زندگی کے ہر گوشے میں انقلاب برپا ہوگیا۔۔ریاست مدینہ کے پیش نظر ہمیں دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دینی ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ ﷺ کی جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لیے قابل تقلید ہے، آپ ﷺ نے اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات، مذہبی رواداری کا پیغام دیا، آج وہ نظام دیکھنے کی نہ معلوم کتنی آنکھیں منتظر ہیں۔۔وزیراعظم نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کے مطابق اپنی صفوں میں اتحاد، رواداری، بھائی چارہ اور ہم آہنگی برقرار رکھیں۔ ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے، جس سے دنیا میں اسلام کے تشخص کونقصان پہنچے۔